ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی جے پی کو ووٹ دینے والے مسلمان نہیں ہوسکتے: ضمیراحمد خان

بی جے پی کو ووٹ دینے والے مسلمان نہیں ہوسکتے: ضمیراحمد خان

Mon, 04 Feb 2019 12:54:21    S.O. News Service

بنگلورو،4؍فروری (ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے اقلیتی امور ، اوقاف ، حج و غذا وشہری رسدات بی ۔ زیڈ ضمیراحمد خان نے کہا کہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں بھی فرقہ پرست بھارتیہ جنتا پارٹی( بی جے پی ) کو مسلمان ہر گز ووٹ نہیں دیں گے۔

بنگلوروشہر کے پیالس گراؤنڈ میں آل انڈیا جمعیت المنصور کرناٹک کے زیر اہتمام نداف ، پنجارہ ،منصوری اور دودکلا طبقات کے قومی بیداری کنونشن کا افتتاح کرنے کے بعدضمیر احمد نے کہا کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں جس طرح مسلمانوں نے متحدہ طورپر وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف مہم چلاکر سکیولر پارٹیوں کو اقتدار تک پہنچایا تھا وہ ایک تاریخی قدم تھا ۔ لوک سبھا انتخابات کے موقع پر بھی مسلمان اور سکیولر مزاج رکھنے والے افراد ایک بار پھر متحد ہوں گے اورمرکز سے مودی اقتدار کے خاتمہ کیلئے سکیولر پسند کانگریس کواپنا ووٹ دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر نریندر مودی دوبارہ وزیر اعظم بنے تو ملک میں سکیولر اور اقلیتی طبقات کو ڈر وخوف کے ماحول میں زندگی گزارنا پڑسکتا ہے ۔ انہوں نے اقلیتوں اورسکیولر طبقات کوآواز دی کہ وہ فرقہ پرست جماعت کو ہرگز اپناووٹ نہ دیں ۔ انہوں نے جذباتی طورپر کہا کہ فرقہ پرست بی جے پی کو ووٹ دینے والے مسلمان نہیں ہوسکتے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات میں متحد طورپر اپنے ووٹ کااستعمال کریں توریاست میں 20سے زائد لوک سبھا حلقوں میں کانگریس پارٹی کی جیت یقینی ہوسکتی ہے ۔ ہرایک لوک سبھا حلقہ میں مسلم ووٹو ں کی تعداد5سے6لاکھ تک ہے ۔ اگر مسلم متحدہوکر فرقہ پرست جماعت کے خلاف کام کریں تو انہیں اقتدار سے دوررکھا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 2014کے دوران ملک میں تبدیلی کے نام پر ووٹرس نے نریندر مودی کو منتخب کیا تھا ۔ لیکن افسوس کے مودی نے انتخابات کے موقع پر کئے گئے وعدہ کو پورا کرنے میں پوری طرح ناکام رہے ۔ ملک میں عدم مساوات ،معاشی و اقتصادی بدحالی سمیت دیگر کئی بڑے مسائل پیدا ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک ترقی کرنے کے بجائے مسائل میں گھر چکا ہے ۔ اگر دوبارہ مودی کو ہی منتخب کیا گیا تو ملک کی حالت مزید بدتر ہوجائے گی ۔ غریب توغریب درمیانی طبقات کو بھی کافی پریشانی اٹھانی پڑے گی ۔ انہوں نے سکیولر اوراقلیتی طبقات سے گزارش کی کہ وہ متحد ہ طور پر اپنے ووٹ کااستعمال سکیولر پارٹی کے حق میں چلائیں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس ملک کو ترقی پر گامزن کرنے کے ساتھ معاشی طو رپر مضبوط ومستحکم کیلئے ہمیشہ کوشاں رہی ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں 85لاکھ مسلمانوں میں سے 30لاکھ کی آبادی نداف ، بنجارہ طبقات کی ہے۔ اس مرتبہ ریاستی بجٹ میں رقم مختص رکھی جائے گی ۔ کیسٹ سرٹی فکیٹ کے متعلق افسروں سے تبادلہ خیال کرنے کا انہوں نے یقین دلایا ۔

ضمیر احمد خان نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں کئی سینئر مسلم اراکین اسمبلی رہنے کے باوجود ہائی کمانڈ نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے ریاستی کابینہ میں موقع دیا ہے ۔ اس کیلئے مسلم طبقہ ہی ذمہ دار ہے۔ جنتادل (سکیولر) کے قومی سربراہ وسابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڈا پر اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دیوے گوڈا نے گزشتہ اسمبلی انتخابات کے دوران انہیں شکست دینے کی ہر ممکنہ کوشش کی تھی ۔ صرف یہی نہیں بلکہ 15دن تک چامراج پیٹ میں قیام کرتے ہوئے ان کے خلاف انتخابی مہم چلائی تھی ۔ لیکن انہیں کوئی فائدہ نہیں پہنچا۔انہوں نے کہا کہ نداف ،بنچارہ ،منصوری اور دودکلا طبقات کی فلاح و بہبودی کے لئے علاحدہ ڈیولپمنٹ کارپوریشن قائم کرنے پر وہ سنجیدگی سے غور کریں گے ۔ کنونشن میں اتر پردیش کے سابق وزیرآر اے عثمانی ، منصور،مغربی بنگال کے رکن اسمبلی محی الدین شمس ، آل انڈیا جمعیت المنصور کرناٹک کے صدر امین کوڈیگل منصور، سکریٹری کے ایم ضمیر منصور ،جنرل سکریٹری غوث پاشاہ منصور ،کانگریس لیڈر شکیل نواز سمیت دیگر اہم شخصیات شریک تھیں۔ تقریب کے دوران ریاستی وزیر ضمیر احمد خان کو تلوار پیش کرتے ہوئے تہنیت پیش کی گئی۔


Share: